ایران نے دفاعی نظام بہتر بنانے کے لیے چین کا رخ کر لیا، رائٹرز
تہران: برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے چین سے سیکڑوں فضائی دفاعی میزائل نظام خریدنے کا معاہدہ کیا ہے تاکہ اپنی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
رائٹرز کے مطابق ایران اور چین کے درمیان 300 سے 400 تک مین پیڈ فضائی دفاعی میزائل نظام کی خریداری کا معاہدہ طے پایا ہے، جس کی مالیت تقریباً 60 سے 70 ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کو آئندہ چند ہفتوں میں کیو ڈبلیو 12 اور ایف این 16 طرز کے میزائلوں کی پہلی کھیپ موصول ہونے کا امکان ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ معاہدہ ہانگ کانگ میں قائم ایک کمپنی کے ذریعے کیا گیا۔
رائٹرز کا کہنا ہے کہ ایران حالیہ کشیدگی کے بعد اپنی فضائی دفاعی صلاحیت کو دوبارہ بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے رائٹرز کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین ہمیشہ امن کے فروغ، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔
تاحال ایران کی جانب سے اس مبینہ معاہدے پر کوئی باضابطہ تصدیق یا تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
PNP
Comments are closed.