by Rao Imran Suleman
Rao Nama

جمہوریت الیکشن کا نام نہیں بلکہ ایک سیاسی تسلسل ہے جس کیلئے آزاد صحافت ناگزیر ہے، جسٹس (ر) مقبول باقر

کراچی(پی این پی)جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کہا ہے کہ جمہوریت الیکشن کا نام نہیں بلکہ ایک شعوری اور سیاسی تسلسل ہے، جس کیلئے آزاد صحافت ناگزیر ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق کراچی پریس کلب میں “پریس کی آزادی اور میڈیا کو درپیش چیلنجز” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جہاں شرکا نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر میڈیا انڈسٹری میں بے روزگاری، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور سنسرشپ کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ ملک میں آزادانہ صحافت کا ماحول بحال ہو سکے۔

سیمینار بزرگ صحافی اور انسانی حقوق کے رہنما حسین نقی کی میزبانی میں منعقد ہوا اور سیمینار سے کراچی یونین آف جرنسلٹ کے رہنما طاہر حسن خان، پروفیسر ریاض شیخ، سینئر صحافی توصیف احمد، ایچ آرسی پی کے وائس چیرپرسن اسد بٹ اور سینئر صحافی مظہر عباس نے گفتگو کی۔

سیمینار کے مہمانِ خصوصی سپریم کورٹ کے سابق جج اور سابق نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر تھے۔

  مقررین نے پاکستان میں صحافت کو درپیش سنگین مسائل، اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندی اور میڈیا ورکرز کو درپیش معاشی بحران پر روشنی ڈالی۔ 

نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ناصر منصور کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار کی لڑائی ایک صحافی کے لئے دہری لڑائی ہے۔ 

سیمینار کے صدر حسین نقی کا کہنا تھا اسٹوڈنٹس میں لیڈر شپ کو فروغ دیا جائے تو تب ہی قومی سطح کے سیاسی رہنما پیدا ہوتے ہیں۔ 

جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کہا کہ جمہوریت الیکشن کا نام نہیں بلکہ ایک شعوری اور سیاسی تسلسل ہے، جس کیلئے آزاد صحافت ناگزیر ہے۔



PNP

Comments are closed.