امریکا ایران کشیدگی سے عالمی عدم استحکام بڑھ رہا ہے، اقوام متحدہ
نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن اور اقتصادی استحکام کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ اگر موجودہ صورتحال مزید بگڑتی ہے تو اس کے نتائج نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ایران سے متعلق تنازع نے توانائی کی عالمی منڈیوں، سپلائی چین اور زرعی شعبے کو بھی متاثر کیا ہے، جس کے باعث کھاد سمیت متعدد اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے فروغ اور امن کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی بڑے بحران سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ مزید فوجی کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے بھی اپنی رپورٹ میں ایسے دعوے شائع کیے ہیں، تاہم ان کی باضابطہ سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔
رپورٹس کے مطابق امریکا ایران پر مزید دباؤ بڑھانے کے لیے مختلف فوجی آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ دوسری جانب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی برادری مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
PNP
Comments are closed.