نظام میں ’’ری سیٹ‘‘ کی باتیں محض دکھاوا ہیں، فارم 47 حکومت کے ذریعے آئین میں مداخلت کی جا رہی ہے، علی حیدر زیدی
کراچی (پی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ حکمرانی کے نظام میں ’’ری سیٹ‘‘ کی باتیں محض دکھاوا ہیں، جن کا مقصد توجہ ہٹانا اور ایک بار پھر فارم 47 کی حکومت کے ذریعے آئین میں مداخلت کرنا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں علی حیدر زیدی نے کہا کہ حیران کن طور پر حکومتی بینچوں پر بیٹھے بعض افراد بھی اب کھلے عام اعتراف کر رہے ہیں کہ موجودہ حکومت حقیقی عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر اقتدار میں نہیں آئی، تاہم اسی حکومت کو بار بار پاکستان کے آئین میں ترامیم کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔نئے صوبوں کے قیام کا مؤقف بھی اپنی منطق نہیں رکھتا، کیونکہ نئے صوبے بنانے سے گورنرز، وزرائے اعلیٰ، اسمبلیاں، ہائیکورٹس، ججز، بیوروکریسی، سکیورٹی انتظامات اور تاحیات مراعات کے اخراجات میں اضافہ ہوگا۔یہ سب ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب ریاست اپنے قرضوں کی ادائیگی کے لیے بھی قرض لے رہی ہے۔ ان کے مطابق اصل مقصد اخراجات کم کرنا نہیں بلکہ پاکستان کو ویسٹ منسٹر پارلیمانی نظام سے دور لے جا کر ایسا صدارتی نظام لانا ہے جس میں اختیارات ایک عہدے میں مرکوز ہو جائیں۔
علی حیدر زیدی نے الزام عائد کیا کہ اس عہدے پر فائز ہونے والا شخص بھی عوام کے ذریعے منتخب نہیں کیا جائے گا بلکہ کسی اور طریقے سے مقرر کیا جائے گا۔پاکستان کو اصل بحث جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ پر کرنی چاہیے۔
PNP
Comments are closed.