سپر ٹیکس کے بتدریج خاتمے کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے، صنعت کاروں کو ٹیکسوں کے حوالے سے ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں، راشد محمود لنگڑیال
کراچی (پی این پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نےکہا ہے کہ حکومت سپر ٹیکس کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ابتدائی طور پر اس کی شرح میں دو فیصد کمی کی گئی اور اب بتدریج خاتمے کے لیے کام شروع کیا جا چکا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب میں چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے صنعت کاروں کے ٹیکس مسائل کے لیے کاٹی میں دفتر قائم کیا جائے گا اور خام مال کی درآمد میں موجود خامیاں دور کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے۔ایف بی آر ہیلپ ڈیسک کا دائرہ کار کراچی سے وسیع کرکے سکھر تک کیا جائے گا۔
راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ لیدر انڈسٹری کے لیے بارڈر ٹریڈ میں مسائل کے حل کے لیے اجلاس منعقد کیے جائیں گے، ایف بی آر کا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فعال کرنے کے لیے فارما انڈسٹری سے ڈریپ کے ماڈل پر عمل درآمد کا مقصد ٹیکس نظام کو بہتر بنانا اور بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔صنعت کاروں اور تاجربرادری پر زور دیا کہ وہ ٹیکس چوری کرنے والے عناصر کی نشان دہی اور اس کے خاتمے کے لیے ایف بی آر کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹیکس نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
چیئرمین ایف بی آر نے تقریب میں مختلف شعبوں سے وابستہ صنعت کاروں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے ہدایت جاری کیں۔
PNP
Comments are closed.