سابق چیف جسٹس کے گھر پر حملہ،سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی شدید مذمت، ملزمان کی فوری گرفتار کا مطالبہ
کراچی(پی این پی) سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت آغا رفیق احمد خان کے گھر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بار کے صدر حسیب جمالی نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کے گھر پر حملہ نہ صرف ایک سنگین جرم ہے بلکہ قانون کی بالادستی اور عدلیہ سے وابستہ شخصیات کے تحفظ کے حوالے سے بھی باعث تشویش ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرتے ہوئے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی متعلقہ دفعات شامل کی جائیں اور حملے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
صدر سندھ ہائیکورٹ بار نے آئی جی سندھ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ آغا رفیق احمد خان اور ان کے اہل خانہ کو مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے اور اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وکلاء برادری قانون کی حکمرانی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی توقع رکھتی ہے۔
PNP
Comments are closed.