’’ اچھا ہے یہ کھمبوں کے پیچھے ہیں اور ہم بڑے بڑے کام کرتے رہیں گے‘‘:وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں فوڈ واک منصوبے کا افتتاح کردیا
کراچی ( پی این پی ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھی مسلم سوسائٹی میں فوڈ واک منصوبے کا افتتاح کردیا۔
کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منصوبے کا آغاز یکم فروری 2026 کو ہوا اور اکتوبر میں مکمل کرلیا گیا۔ دیگر ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو بھی سندھی مسلم فوڈ واک منصوبے سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔ اربن امووایبل پراپرٹی ٹیکس ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو منتقل کردیا گیا ہے، مقصد ٹی ایم سیز کے مالی وسائل، خدمات کی فراہمی کی صلاحیت بڑھانا ہے۔ کراچی میں روزگار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سندھی مسلم فوڈ واک جدید، منظم اور متحرک کراچی کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ سندھی مسلم فوڈ واک کا منصوبہ 25 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا، منصوبے کے تحت بجلی کے اوور ہیڈ تاروں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ فوڈ واک میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی بحالی کا کام مکمل کیا گیا ہے، شجرکاری، لینڈ اسکیپنگ، چوراہوں کی خوبصورتی کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ فوڈ واک منصوبےمیں پارکنگ، متبادل راستوں، ٹریفک انتظامات کو بہتر بنایا گیا ہے، منصوبے کے تحت ٹریفک سائن بورڈز اور سڑکوں پر نشانات بھی نصب کیے گئے ہیں۔پیدل چلنےوالوں کی حفاظت اور ٹریفک کا بہترانتظام یقینی بنایا جائے، پراپرٹی ٹیکس کی منتقلی کامقصد ٹی ایم سیز کے مالی وسائل، خدمات کی فراہمی کی صلاحیت بڑھانا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کلک پروگرام کے ذریعے کراچی کی ٹی ایم سیز میں بلدیاتی انفرا سٹرکچر بہتر بنایا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ ٹاؤن انتظامیہ نے اپنی آمدنی سے بنایا ہے، یہ چیز باقی ٹاؤنز میں بھی نظر آنی چاہیے،مہینے میں ایک بار ضرور فوڈ واک پر آؤں گا۔کھمبا دیکھ کر ڈر گیا کہ شاید یہاں بھی کوئی کھمبا ہے،آج کل لوگ کھمبوں کے پیچھے لگے ہوئے ہیں، اچھا ہے یہ کھمبوں کے پیچھے ہیں اور ہم بڑے بڑے کام کرتے رہیں گے۔ پورے سندھ کو اسلحہ فری کرنا چاہتا ہوں۔ گاڑیوں میں مسلح افراد کو کھلے عام نہیں بٹھانا چاہیے، پرائیوٹ سیکیورٹی گارڈز کے پاس بھی اسلحہ نہیں ہونا چاہیے۔
PNP
Comments are closed.