پینٹاگون کا دفاعی صنعتوں کو ہتھیاروں کی پیداوار تیز کرنے کا حکم
واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے دفاعی صنعت سے وابستہ کمپنیوں کو ہتھیاروں کی پیداوار اور ترسیل میں تیزی لانے کے لیے منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے دفاعی صنعت کے نمائندوں کو ایک میمو ارسال کیا گیا ہے، جس میں اسلحے کی پیداوار بڑھانے اور سپلائی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق میمو میں کہا گیا ہے کہ دفاعی صنعت کے رہنماؤں کو اہم فوجی صلاحیتوں سے متعلق ہتھیاروں کی پیداوار میں اضافے اور زیادہ تیز تر ترسیل کے لیے اپنے منصوبے 21 دن کے اندر پیش کرنا ہوں گے۔
امریکی ڈپٹی سیکریٹری دفاع اسٹیو فین برگ نے میمو میں واضح کیا کہ طویل مدتی ترقیاتی منصوبے موجودہ ضروریات کے لیے کافی نہیں ہیں۔ ان کے مطابق دفاعی پروگراموں کے شیڈول کو نمایاں طور پر تیز کرنے اور ہتھیاروں کی پیداواری صلاحیت میں فوری اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پینٹاگون کی یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی دفاعی ذخائر اور بعض اہم ہتھیاروں کی دستیابی سے متعلق خدشات اور قلت کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے دفاعی صنعت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ موجودہ پیداواری نظام میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ اہم ہتھیاروں کی تیاری اور ترسیل کی صلاحیت میں فوری اضافہ کرے۔
پینٹاگون کے اس اقدام کا مقصد دفاعی ضروریات کے مطابق ہتھیاروں کی دستیابی بہتر بنانا اور طویل پیداواری اوقات کو کم کرنا بتایا گیا ہے۔
PNP
Comments are closed.