کراچی پریس کلب سپر سکسز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل کے پی سی بلیوز نے اپنے نام کر لیا، فائنل میں کے پی سی بلیوز نے فوٹوگرافرز الیون کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
کے پی سی بلیوز کے فاسٹ بولرز زاہد غفار، شامیر خان، راؤ افنان اور ارشاد سنجرانی کی نپی تلی بولنگ کے سامنے فوٹوگرافرز الیون کی ٹیم سنبھل نہ سکی۔
کے پی سی بلیوز کے کپتان ثاقب صغیر کو مسلسل 3 نصف سنچریاں اسکور کرنے پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل کے پی سی بلیوز نے سیمی فائنل میں روزنامہ ڈان جبکہ فوٹوگرافرز الیون نے سماء نیوز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ناک آؤٹ بنیادوں پر کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ میں پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ 32 ٹیموں نے حصہ لیا، مقابلوں کے انعقاد کے لیے غیر جانبدار امپائرز، اسکوررز اور پیشہ ور مبصرین کی خدمات حاصل کی گئی تھیں جبکہ شائقین کی بڑی تعداد نے اہل خانہ کے ہمراہ میچز سے لطف اٹھایا۔
اختتامی تقریب میں نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر محمد طلحہ، ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکریٹری حیدر حسین، کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری اعجاز فاروقی اور کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے ارکان، سینئر اسپورٹس صحافی عبدالماجد بھٹی، یحییٰ حسینی، مظہر عباس اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
فاتح ٹیم کے پی سی بلیوز کو ٹرافی کے ساتھ 50 ہزار روپے جبکہ رنر اپ فوٹوگرافرز الیون کو ٹرافی اور 25 ہزار روپے انعام دیا گیا۔
PNP
Comments are closed.