لبنان میں اسرائیلی حملے،عرب لیگ نے جنگ پھیلنے کے خطرے سے خبردار کردیا
مسلسل حملے جنگ بندی کی کوششوں اور تنازع کے سیاسی حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں
عرب لیگ نے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موجودہ صورتحال خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہے اور تنازع دوسرے علاقوں تک پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
عرب لیگ کے مطابق لبنان میں ہونے والی حالیہ کارروائیاں انتہائی تشویشناک ہیں۔ گزشتہ روز کے حملوں میں 11 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع سامنے آئی، جس کے بعد خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
عرب لیگ کا کہنا ہے کہ مسلسل حملے جنگ بندی کی کوششوں اور تنازع کے سیاسی حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ تنظیم نے اس صورتحال کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔
عرب لیگ کے ترجمان کے مطابق موجودہ اسرائیلی اقدامات سے یہ خدشات پیدا ہوگئے ہیں کہ تنازع کو مزید طول دیا جا سکتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے کسی حل تک پہنچنے کی کوششیں متاثر ہوسکتی ہیں۔
ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر امریکا کو اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ جنگی کارروائیاں روکی جائیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
قرارداد 1701 سنہ 2006 میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے منظور کی گئی تھی۔ اس میں مکمل جنگ بندی اور فریقین کی جانب سے فوجی کارروائیاں روکنے پر زور دیا گیا تھا۔
عرب لیگ نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ کشیدگی پر قابو نہ پایا گیا تو لبنان تک محدود تنازع مزید علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے، جس سے پورے خطے کے امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
PNP
Comments are closed.