by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آبنائے ہرمز پر اہم پیشرفت،ایران اور عمان کا جہازرانی راستے پر اتفاق

تہران: ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت سے متعلق ایک اہم پیش رفت حاصل کرتے ہوئے جہازرانی کے راستے کے نقشے پر اتفاق کرلیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح پر بات چیت جاری ہے اور مذاکرات میں فی الحال کوئی بڑی رکاوٹ موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فریقین معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے پیشرفت کر رہے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی کشیدگی کا ذمہ دار ایران کو قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں عدم استحکام کے پیچھے امریکا اور اسرائیل کا کردار ہے۔ ان کے مطابق 28 فروری تک آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معمول کے مطابق تھی، تاہم اس کے بعد امریکا اور اسرائیل نے آبنائے ہرمز اور اس سے ملحقہ علاقوں کو ایران کے خلاف استعمال کیا۔

ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا کہ عمان کے ساتھ جاری مذاکرات اور آبنائے ہرمز کو کھولنے کا معاملہ دو الگ امور ہیں۔ ان کے مطابق عمان کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کا بنیادی مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سے متعلق معاملات طے کرنا ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے کا فیصلہ امریکا کے اقدامات سے بھی منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو مفاہمتی یادداشت میں طے کی گئی شرائط پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

ایرانی حکام کے مطابق عمان کے ساتھ جاری تکنیکی بات چیت کا مقصد بحری آمدورفت کے حوالے سے عملی امور کو واضح کرنا اور جہازرانی کے لیے طے شدہ طریقہ کار کو آگے بڑھانا ہے۔

PNP

Comments are closed.