قطر کا ایرانی پائلٹس کو حراست میں رکھنے کی تردید،ایک پائلٹ کی باقیات مل گئیں
دوحہ: قطر نے ایرانی پائلٹس کو حراست میں رکھنے سے متعلق اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ فضائی حدود کی خلاف ورزی اور اس کے بعد پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ایرانی پائلٹس نے رواں سال کے آغاز میں قطری فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد حکام کی جانب سے رابطے کی کوششوں کا جواب نہیں دیا تھا۔
قطری حکام کے مطابق اس صورتحال کے بعد تلاش اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں، جن کے دوران ایک ایرانی پائلٹ کی باقیات برآمد ہوئیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ باقیات ملنے کے بعد قطر نے ایرانی حکام سے رابطہ کیا تاکہ انہیں حوالے کرنے کے طریقہ کار پر تعاون کیا جاسکے۔ دوحہ نے تہران کو واقعے سے متعلق کارروائیوں کی تفصیلات کا جائزہ لینے کی دعوت بھی دی ہے۔
قطری حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اس دعوت پر تاحال کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔ قطر نے واضح کیا کہ ایرانی پائلٹس کو حراست میں رکھنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔
ابھی یہ تفصیلات سامنے نہیں آسکیں کہ ایرانی طیارہ کس صورتحال میں قطری فضائی حدود میں داخل ہوا اور بعد ازاں واقعہ کس طرح پیش آیا۔
علاقائی کشیدگی کے موجودہ ماحول میں قطر اور ایران کے درمیان فضائی حدود سے متعلق یہ معاملہ حساس نوعیت اختیار کرگیا ہے۔ قطری حکام کے مطابق معاملے کو متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور سفارتی ذرائع سے آگے بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
PNP
Comments are closed.