by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ اکتوبر 2026 میں خسارے سے نکل کر 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس ہوگیا، اسٹیٹ بینک نے اعداد و شمار جاری کردیے

کراچی (پی این پی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس رہا، جبکہ ستمبر 2026 میں 37 کروڑ 10 لاکھ ڈالر اور اکتوبر 2025 میں 30 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔اکتوبر میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہونے کی بنیادی وجہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ رہا۔

وی نیوز کے مطابق ماہرین معیشت کا کہنا ہے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں بنیادی کردار ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 14 فیصد اضافے کا رہا، جو بڑھ کر 3.9 ارب ڈالر ہوگئیں، جبکہ اشیا کی برآمدات میں بھی 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔درآمدات کی طلب میں اضافے کے باعث تجارتی خسارے پر دباؤ برقرار ہے اور یہ سالانہ بنیادوں پر 9 فیصد بڑھ کر 3.2 ارب ڈالر ہوگیا ہے، تاہم ترسیلات زر کی مضبوط آمد تجارتی خسارے کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔مالی سال 2027 کے دوران پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابلِ انتظام رہنے اور جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کے درمیان اسٹیٹ بینک کے مقررہ ہدف میں رہنے کی توقع ہے، کیونکہ ترسیلات زر کی مسلسل آمد اور برآمدات میں اضافے سے درآمدات کے بڑھتے ہوئے حجم کے اثرات بڑی حد تک متوازن رہنے کا امکان ہے۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں پاکستان کی اشیا اور خدمات کی مجموعی برآمدات 3.87 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال اکتوبر کے 3.46 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 12 فیصد زیادہ ہیں۔

 دوسری جانب اکتوبر 2026 میں درآمدات کا مجموعی حجم 7.08 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال اسی مہینے کے 6.41 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

اکتوبر 2026 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 3.89 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں یہ رقم 3.42 ارب ڈالر تھی۔ اس طرح ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر تقریباً 14 فیصد اضافہ ہوا۔

مالی سال 2027 کے ابتدائی 4 ماہ جولائی تا اکتوبر کے دوران پاکستان کو مجموعی طور پر 85 کروڑ ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہوا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ خسارہ ایک ارب 6 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔



PNP

Comments are closed.