by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سسٹم تباہ نہیں ہوا اسے تباہ کرایا گیا،ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے،حکمران عوام کا بوجھ کم کریں : بلاول بھٹو زرداری

کراچی ( پی این پی ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا  ہے کہ سسٹم تباہ نہیں ہوا، سسٹم کو تباہ کرایا گیا ہے، سسٹم اگر تباہ ہوا ہے تو اس کا علاج ری سیٹ میں ہے، یہ سیاسی ری سیٹ ہوگا۔ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے۔

’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو  نے کہا کہ یہ سسٹم بالکل تباہ ہوچکا ہے لیکن کیوں ہوا ہے اس پر کوئی بات نہیں کر رہا، سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہوگا تاکہ حقدار کو اس کا حق مل سکے، میں بھی سسٹم کولیپس ہونے میں ذمہ دار ہوں،  ہمیں ایک غیر سیاسی نہیں سیاس ری سیٹ کی ضرورت ہے۔ہمیں سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہر ادارے نے جو اعتماد کھویا ہے اسے بحال کیا جانا چاہیے۔

چیئرمین پی پی نے کہا میڈیا کے ساتھ پارلیمان سب سے اہم ادارہ ہے، پارلیمان پاکستان کا طاقت ور ادارہ ہے وہاں اختلاف رائے ہونا چاہیے، ہم پارلیمان میں کسی بھی مسئلے پر اختلاف رائے کرسکتے ہیں، پارلیمان کا مسئلہ یہ ہےکہ اپوزیشن کو ہماری پارلیمان پر اعتماد ہی نہیں، پارلیمان کا اعتماد بحال کرنے کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت کی ہے۔ شاید تاریخ میں ہمارا میڈیا اتنا کمزور نہیں ہوا جتنا آج ہے، آپ ڈرتے ہو کہ اگر سچ بولوں گا تو کارروائی ہوگی تو کیسے کام کرسکیں گے، صحافیوں کے پاس وہ طاقت ہونی چاہیے جو اس کا حق ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا میں نے اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے، جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ،گزارہ کیسے ہوگا، فکرمند ہوں غریب اور پسماندہ طبقے کا ان حالات میں کیا ہو گا، پاکستان کے سیاستدان عوام کے مسائل کو بھول چکے ہیں، وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کی بات کررہے ہیں لیکن عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہے۔

’’جنگ ‘‘ کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے۔ جس مشکل میں پاکستان کے عوام آج ہیں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔ غربت، بیروز گاری اور مہنگائی تیزی سے بڑھ رہی ہے، میں ان حالات میں خوف زدہ ہوں کہ عوام کا کیا ہو گا۔ فکر مند ہوں کہ غریب اور پسماندہ طبقے کا ان حالات میں کیا ہو گا؟ آج ملک جس مشکل میں ہے اس پر بات کرنا ضروری ہے، بین الاقوامی حالات سب کے سامنے ہیں، خطے میں جو ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے۔

 غریب کو سوچنا پڑتا ہے کہ بچوں کی تعلیم کو دیکھو ں یا روٹی، دنیا میں جو جنگیں چل رہی ہیں یہ حالات اس سے جڑے ہیں، یہ حکمراں سب موضوعات کو چھیڑ رہے ہیں مگر عوام کا نہیں سوچتے۔عوام مہنگائی کے باعث بجلی کا بل دیکھتے ہوئے خوفزدہ ہوتے ہیں، عوام کے لیے بزرگوں کا علاج کرانا یا گھر کا چولہا جلانا مشکل ہو گیا ہے، حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ عوام کا بوجھ کم کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی پریس کلب تاریخی ادارہ ہے، کراچی پریس کلب نے جمہوری روایات کے لیے اہم کرادار ادا کیا، قلم کی طاقت سب سے بڑی ہے۔ صحافی عوام کے مسائل پر حکومتوں کو توجہ دلاتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں ہم نے بہت مشکل وقت دیکھا ہے، جو طاقت صحافیوں کے پاس ہے وہ کسی کے پاس نہیں، یہ طاقت گولی اور ہتھیار سے زیادہ ہے۔



PNP

Comments are closed.