by Rao Imran Suleman
Rao Nama

یمنی فوج کا حوثی فورسز کے 200 سے زائد اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

عدن : یمن کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران حوثی فورسز کے200 سے زائد اہلکاروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

یمنی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عسکری ذرائع نے بتایا کہ فوج کی جانب سے مختلف علاقوں میں ڈرون حملے کیے گئے اور شدید جھڑپیں بھی ہوئیں اور اس دوران 200 سے زائد حوثیوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں اکثریت صوبہ طیز میں مارے گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یمن میں جاری کشیدگی کے دوران یہ حوثی گروپ کے لیے پہنچنے والے بدترین نقصانات میں سے ایک ہے۔

یمنی فوجی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں سے زیادہ تر کا تعلق الصمد بریگیڈ سے ہے اور اس کے علاوہ حالیہ دنوں میں صنعا کے اسپتالوں میں کئی لاشیں منتقل کی جاچکی ہیں۔

دوسری جانب حوثیوں کی جانب سے جنوبی طیز کے علاقے ال براہ میں اسپیشل فورسز سمیت فوج کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے، جس کا مقصد جانی نقصان کا بدلہ لینے اور مزید سخت کارروائیاں جاری رکھنا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہفتے کو بھی جھڑپوں کے دوران حوثی فورسز کے 64 افسران کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

صنعا میں فوجی ذرائع کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے فوجی اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے لڑائی میں شریک ہونے کی شرط پر جیل سے سیکڑوں قیدیوں کو رہا کرنا شروع کردیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صعدہ، حجہ اور صنعا کی جیلوں سے تقریباً 850 قیدیوں کو رہا کیا گیا، جن میں جرائم اور منشیات سے متعلق الزامات کا سامنا کرنے والے افراد بھی شامل ہیں، اسی طرح ذمار صوبے میں مزید 1,400 قیدیوں کو رہا کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

PNP

Comments are closed.