by Rao Imran Suleman
Rao Nama

نئی موبائل ایپ واٹس ایپ بینکنگ اور جدید پیمنٹس پلیٹ فارم

کراچی (پی این پی) ملک کے صفِ اوّل کے اسلامی مالیاتی اداروں میں شامل، بینک اسلامی نے نئے ڈیزائن کے ساتھ اپنی موبائل بینکنگ ایپلیکیشن اور واٹس ایپ بینکنگ کے آغاز، اور یورونیٹ کے پیمنٹس پلیٹ فارم پر کامیاب منتقلی کے ذریعے ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار اسلامی مالیاتی ادارے میں تبدیلی کے اپنے سفر کو مزید تیز کر دیا ہے۔

اسلامی ڈیجیٹل مالیات کے فروغ کی وسیع تر حکمتِ عملی کے تحت کیے گئے یہ اقدامات صارفین کو بہتر بینکاری تجربہ، بینکاری خدمات تک زیادہ رسائی اور جدید پیمنٹس انفراسٹرکچر فراہم کریں گے۔ اس وقت بینک اسلامی کے مجموعی ٹرانزیکشن والیوم کا 61 فیصد ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے انجام پاتا ہے، جبکہ گزشتہ سہ ماہی کے دوران بینک کی موبائل بینکنگ ایپلیکیشن کے ذریعے تقریباً 557 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔

اس تبدیلی کا مرکزی حصہ نئی بینک اسلامی موبائل ایپ ہے، جس میں 60 سے زائد فیچرز شامل ہیں جو صارفین کو زیادہ سہولت، لچک اور اپنے مالی معاملات پر بہتر اختیار فراہم کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ یہ ایپلیکیشن 50 لاکھ روپے تک کی ٹرانزیکشن حد اپنی ضرورت کے مطابق مقرر کرنے، بلوں کی شیڈولڈ ادائیگی، بلک پیمنٹس اور کارڈ مینجمنٹ کی جدید سہولیات فراہم کرتی ہے، جن میں کارڈ کو عارضی طور پر بلاک کرنا، ٹرانزیکشن کنٹرولز اور بین الاقوامی و ای کامرس استعمال کی سیٹنگز شامل ہیں۔

ایپ میں اردو زبان کی سہولت، ذاتی ترجیحات کا انتخاب اور ایک اسلامک حب بھی موجود ہے، جس میں قبلہ لوکیٹر، نماز اور اذان کی یاد دہانی اور سورتوں کی تلاوت جیسی خصوصیات شامل ہیں۔

بینک اسلامی نے واٹس ایپ بینکنگ بھی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے صارفین ایک ایسے پلیٹ فارم پر بینکاری خدمات حاصل کر سکتے ہیں جو پہلے ہی اُن کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہے۔ بیلنس معلوم کرنے اور اکاؤنٹ اسٹیٹمنٹ سے لے کر کارڈ سروسز، صارفین کی درخواستوں، شکایات کے اندراج اور برانچ سے متعلق معلومات تک، یہ سروس روزمرہ بینکاری کو مزید آسان بنانے اور برانچ جانے کی ضرورت کم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔

صارفین کے لیے ان سہولیات کی بنیاد بینک اسلامی کی یورونیٹ کے پیمنٹس پلیٹ فارم پر کامیاب منتقلی ہے۔ اس اپ گریڈ کے ذریعے بینک کے پیمنٹس انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور ایک ایسی وسعت پذیر ٹیکنالوجی بنیاد قائم کی گئی ہے جو ڈیجیٹل خدمات کے مسلسل فروغ اور نئی سہولیات کے اجرا میں معاون ثابت ہوگی۔

بینک کی ڈیجیٹل حکمتِ عملی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بینک اسلامی کے چیف ڈیجیٹل اینڈ اے آئی آفیسر وقاص انیس نے کہا، ”ہمارا عزم روایتی ڈیجیٹل بینکاری سے آگے بڑھ کر ایک زیادہ جامع اسلامی ڈیجیٹل مالیاتی تجربہ تشکیل دینا ہے۔“

مستقبل کے حوالے سے بینک اسلامی اپنی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو روزمرہ بینکاری سے آگے بڑھا کر شریعہ سے ہم آہنگ ڈپازٹس، فنانسنگ، سرمایہ کاری اور تکافل سولیوشنز کی وسیع رینج تک توسیع دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ مسلسل جدت، ڈیجیٹل سیلف سروس کے فروغ اور اینڈ ٹو اینڈ پراسیس ٹرانسفارمیشن کے ذریعے بینک مالیاتی خدمات کو زیادہ قابلِ رسائی، مؤثر اور صارفین کی بدلتی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے کوشاں ہے، جو ”انسانیت کو رِبوٰ سے نجات دلانے“ کے اس کے مشن کے عین مطابق ہے۔



PNP

Comments are closed.