چھ ماہ کی معطلی کے بعدایرانی شہریوں کے لیے عمرہ پروگرام دوبارہ شروع
ایران نے تقریباً چھ ماہ کی معطلی کے بعد اپنے شہریوں کے لیے عمرہ پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 18 ہزار زائرین کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب بھیجا جائے گا۔
ایران کی حج و عمرہ تنظیم کے نائب سربراہ اکبر رضائی کے مطابق پہلے مرحلے کے تحت مختلف صوبوں سے ہر پانچ روز بعد ایک پرواز سعودی عرب روانہ ہوگی۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر 18 ہزار ایرانی زائرین کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
حکام کے مطابق عمرہ کے لیے رجسٹریشن ایرانی شمسی ہجری کیلنڈر کے چھٹے مہینے شہریور کے آغاز میں شروع ہونے کی توقع ہے، جو اگست کے اختتام کے قریب شروع ہوتا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق بڑی تعداد میں شہری پہلے ہی عمرہ کی ادائیگی کے منتظر ہیں۔ عمرہ رجسٹریشن کے واؤچرز رکھنے والے تقریباً 50 لاکھ افراد سعودی عرب جانے کے منتظر بتائے جاتے ہیں، جس کے باعث پروگرام کی بحالی کو اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ادوار میں ایک سال سے بھی کم عرصے کے دوران تقریباً 2 لاکھ ایرانی شہری عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جاچکے ہیں۔
گزشتہ سال کے اختتام تک ایران سے روزانہ 1300 سے زائد زائرین سعودی عرب روانہ ہونے کی اطلاعات تھیں۔ نئے پروگرام کے تحت پروازوں کی بحالی سے ایرانی زائرین کے لیے عمرہ کی ادائیگی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق پروگرام کے پہلے مرحلے کے بعد زائرین کی تعداد اور پروازوں کے شیڈول سے متعلق مزید تفصیلات بھی سامنے لائی جائیں گی۔
PNP
Comments are closed.