by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکا ایران کو معاشی نہیں، اندرونی طور پر کمزور کرنا چاہتا ہے، پزشکیان

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد صرف ایران کی معیشت کو متاثر کرنا نہیں بلکہ ملک میں اندرونی بے چینی پیدا کرنا بھی ہے۔

تہران میں وزارت محنت کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا مختلف پابندیوں اور دیگر دباؤ کے ذریعے ایرانی معاشرے کو اندر سے کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم بعض ایرانی عناصر بھی ملک کے مخالفین کے ساتھ مل کر ایران میں انتشار اور بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ بیرون ملک موجود ایرانی عناصر دشمن قوتوں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے عوام کو مشتعل کرنے اور ملک میں بدامنی کی فضا پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ایرانی صدر کے مطابق امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ایران کو بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کا سامنا ہے، جس کے اثرات معیشت اور عوامی زندگی پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ تاہم ان کے بقول پابندیوں کا اصل مقصد ایرانی معاشرے کو اندر سے متاثر کرنا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے 24 اگست کو ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کے نام سے ایک کارروائی کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد ایران کی بیرونی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی محدود کرنا اور اس کے معاشی وسائل پر دباؤ بڑھانا بتایا گیا ہے۔

امریکی پابندیوں اور خطے میں بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث ایران کی تیل برآمدات کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ غیر ملکی کرنسی تک محدود رسائی نے ایرانی معیشت پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔

PNP

Comments are closed.