کراچی(پی این پی)اورنگی ٹاؤن میں پسند کی شادی پر ایک شخص کو قتل کردیا گیا جب کہ شہریوں نے ملزم کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پسند کی شادی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ملزم سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق 3 ملزمان نے فائرنگ کرکے عباس علی نامی شخص کو قتل کیا جس کے بعد قریب موجود افراد نے ایک ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے ملزمان کی موٹرسائیکل خراب ہوگئی تھی جس کے بعد عوام نے انہیں پکڑ لیا جب کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم عبدالرحیم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے اپنے ماموں اور ساتھی کے ہمراہ فائرنگ کرکے اپنے بہنوئی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمیونیشن برآمد کرلیا گیا ہے۔
PNP
Comments are closed.