مولانا سے تنہائی میں ہونے والی باتیں قیامت تک راز رہیں گی، وزیراعظم
قومی اسمبلی میں شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان خوشگوار مکالمہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات، باہمی احترام کا اظہار
اسلام آباد (ویب ڈیسک) 25 جون 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کے دیرینہ تعلقات اور باہمی احترام کا رشتہ ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان تنہائی میں ہونے والی گفتگو ہمیشہ راز رہے گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمن کی تقریر کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی اکثر ملاقات رہتی ہے اور ان کے درمیان اعتماد و احترام پر مبنی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کے ساتھ تنہائی میں ہونے والی باتیں قیامت تک راز رہیں گی اور وہ انہیں کسی صورت عام نہیں کریں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف ایوان میں پہنچے تو ارکان قومی اسمبلی نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم اپوزیشن نشستوں پر گئے اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر علی خان، مولانا فضل الرحمن، لطیف کھوسہ اور حمید حسین سمیت پہلی صف میں موجود اپوزیشن اراکین سے مصافحہ کیا۔
وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمن سے کچھ دیر گفتگو بھی کی۔ بعد ازاں مولانا فضل الرحمن نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے جس محبت کا اظہار کیا ہے، وہ اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ اگر وزیراعظم تنہائی میں ہونے والی باتوں کو عوام کے سامنے لانا چاہیں تو وہ ناراض نہیں ہوں گے۔
جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے جواب دیا کہ وہ مولانا فضل الرحمن کی اس پیشکش کو ان کی فراخ دلی کی بنیاد پر قبول نہیں کریں گے، کیونکہ اس سے معاملات بہت دور تک جا سکتے ہیں۔
دریں اثنا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنی نشست سے اٹھ کر وزیراعظم شہباز شریف سے مصافحہ کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم سے اراکین قومی اسمبلی عاصمہ ارباب عالمگیر، عامر طلال گوپانگ، میر پولین بلوچ، ایاز علی شاہ شیرازی، نوشین افتخار اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقاتوں میں اراکین نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے اور خطے میں امن کے لیے مؤثر سفارتی کردار ادا کرنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقاتوں میں متعلقہ حلقوں کے مسائل، ملکی سیاسی صورتحال اور مجموعی قومی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی شزرا منصب نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور آئندہ مالی سال کے لیے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے والا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔