حوثی حملے، برطانیہ کا سعودی عرب کو فضائی مدد دینے کا فیصلہ
لندن: یمن میں حوثی حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر برطانوی حکومت نے سعودی عرب کو محدود مدت کے لیے دفاعی فضائی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے فوجی تعاون کی درخواست موصول ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ منصوبے کے تحت برطانیہ قبرص میں موجود اپنے اڈے سے ایک طیارہ سعودی عرب کے دفاعی آپریشن میں معاونت کے لیے فراہم کرے گا۔
برطانوی حکام کے مطابق مذکورہ طیارہ سعودی فضائیہ کے جنگی طیاروں کو فضائی ایندھن فراہم کرنے کی ذمہ داری انجام دے گا، جس سے وہ حوثیوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کے خلاف زیادہ دیر تک کارروائی کرسکیں گے۔
حکام کے مطابق برطانیہ کی یہ فضائی معاونت ابتدائی طور پر چند ہفتوں تک جاری رہے گی۔
دوسری جانب حالیہ دنوں میں حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں موجود توانائی کے مراکز کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر سے گزرنے والے تجارتی اور بحری راستے عالمی تجارت اور معیشت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، اس لیے خطے میں سلامتی برقرار رکھنا بین الاقوامی سطح پر بھی اہم ہے۔
PNP
Comments are closed.