by Rao Imran Suleman
Rao Nama

شمالی کوریا کا مبینہ ہائپرسونک میزائل کا تجربہ

شمالی کوریا نے مبینہ طور پر نئے ہائپرسونک میزائل کا تجربہ کیا ہے، جسے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا نے اتوار کو بحیرہ جاپان میں دو میزائل فائر کیے۔ رپورٹس کے مطابق ایک میزائل نے تقریباً 440 کلومیٹر جبکہ دوسرے نے 590 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کیا۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے نے بعد ازاں ’نئے ہتھیار‘ کے کامیاب تجربے کی تصدیق کی، تاہم میزائل کی نوعیت یا تجربے سے متعلق مکمل تکنیکی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق کم جونگ اُن نے اپنی بیٹی کے ہمراہ میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔ امریکی اور جنوبی کوریائی ذرائع ابلاغ نے ماہرین کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تجربہ کیا جانے والا ہتھیار ہائپرسونک میزائل ہو سکتا ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن نے تجربے کو ملک کی جنگی تیاری اور مسلح افواج کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔

کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے ذریعے ملک کی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئے ہتھیار کی کامیاب آزمائش مخالفین کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوگی۔

شمالی کوریا کی جانب سے میزائل کی حتمی قسم اور اس کی تکنیکی صلاحیتوں کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

PNP

Comments are closed.