پاکستان توڑنے کی سازش کامیاب نہیں ہو گی، نوجوان ریاست مخالف پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں: سرفراز بگٹی
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں چند عناصر شناخت کی بنیاد پر علیحدگی چاہتے ہیں، پاکستان کو توڑنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی، بیرونِ ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں، نوجوان ریاست مخالف پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔
21 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو لا حاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ غیر متوازن ترقی اور پسماندگی کو تشدد کے واقعات کا جواز نہیں بنایا جا سکتا جبکہ غیر متوازن ترقی پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں پائی جاتی ہے۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ بلوچستان میں مصنوعی ذہانت پر مبنی امتحانی نظام متعارف کروایا گیا ہے، صوبے میں گزشتہ 2 سال کے دوران عوامی شعبے کے ترقیاتی پروگرام پر 100 فیصد پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ معائنہ ٹیم نے ترقیاتی پروگراموں کا معائنہ میرے حلقے سے شروع کیا، کرپٹ عناصر کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں اور کوئی حق دار اپنے حق سے محروم نہیں رہے گا، ملازمتیں صرف میرٹ پر دی جائیں گی۔
سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں اچھے طرزِ حکمرانی کی بنیاد رکھ دی ہے اور اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔
PNP
Comments are closed.