اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر کشمیری امریکی کمیونٹی کا احتجاج
نیویارک: اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر کشمیری امریکی کمیونٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں کشمیری، پاکستانی اور دیگر کمیونٹی نمائندوں سمیت خواتین، بچوں اور بزرگوں نے شرکت کی۔
مظاہرے کا اہتمام ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم اور نیویارک و واشنگٹن کے میٹروپولیٹن علاقوں سے تعلق رکھنے والی کشمیری امریکی کمیونٹیز نے کیا۔
مظاہرین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیر سے متعلق اس کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کیے جائیں اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی جائے۔
شرکا کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے خطاب کا موقع دیے جانے پر بھی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ مظاہرین نے بھارت میں، خصوصاً کشمیر میں، انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کے اختتام پر اقوام متحدہ کے حکام کو ایک یادداشت بھی پیش کی گئی، جس میں مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا گیا۔
PNP
Comments are closed.