سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد کے مقدمات میں مدت معیاد کے تعین کے اصول وضع کر دیئے
اسلام آباد (پی این پی) سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد میں حصے کے حق سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وراثت کا حق صرف وقت گزرنے یا خاموش رہنے سے ختم نہیں ہوتا۔
تاہم اگر کسی وارث کو اس کے حصے سے محروم کیے جانے کا علم ہوجائے تو اسے قانونی کارروائی کے لیے چھ سال کے اندر عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔ عدالت عظمیٰ کے پانچ رکنی بینچ نے وراثتی جائیداد کی منصفانہ اور بروقت تقسیم کے لیے قانون سازی کی سفارش بھی کی ہے۔
سما ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے وراثتی جائیداد کے تنازعات میں مدتِ معیاد کے اطلاق سے متعلق رہنما اصول جاری کیے ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ والد یا والدہ کے انتقال کے ساتھ ہی ان کی جائیداد میں وارث کا حصہ اس کی ملکیت بن جاتا ہے، اس لیے محض تاخیر، خاموشی یا عدم دلچسپی کی بنیاد پر کسی شخص کو اس کے وراثتی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق چھ سال کی قانونی مدت اس وقت سے شمار ہوگی جب متعلقہ وارث کو معلوم ہو کہ اسے اس کے جائز حصے سے محروم کیا جا رہا ہے۔ صرف وراثتی انتقال میں نام شامل نہ ہونا یا ریکارڈ میں غلط اندراج اس مدت کے آغاز کی بنیاد نہیں بنے گا۔ اسی طرح کسی ایک وارث کا جائیداد پر قبضہ بھی دوسرے قانونی ورثا کے حقوق ختم نہیں کرسکتا۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ وراثتی حصے سے دستبرداری کے لیے وارث کی آزادانہ رضامندی اور قانونی طریقہ کار کے تحت جائیداد کی منتقلی لازمی ہے۔ محض زبانی دعوے یا جعل سازی کے ذریعے کسی شخص کو اس کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اگر کسی وارث کا انتقال ہوجائے تو اس کے قانونی ورثا بھی اپنا دعویٰ دائر کرسکتے ہیں، بشرطیکہ مرحوم وارث کو زندگی میں اپنے حق سے محرومی کا علم نہ ہوا ہو۔
عدالت عظمیٰ نے وراثتی جائیداد کی بروقت اور درست تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ بینچ نے تجویز دی کہ جائیداد کی تقسیم کو ورثا اور متعلقہ سرکاری حکام کی قانونی ذمہ داری بنایا جائے تاکہ وراثتی تنازعات میں غیر ضروری تاخیر سے بچا جاسکے۔
فیصلے میں خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ کے ساتھ نیک نیتی سے جائیداد خریدنے والے افراد کے حقوق کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ وہ عدالتی احکامات جو پہلے ہی حتمی حیثیت اختیار کرچکے ہیں، دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے، جبکہ فیصلے میں طے کیے گئے اصول زیرِ سماعت اور مستقبل میں دائر ہونے والے مقدمات پر لاگو ہوں گے۔
PNP
Comments are closed.