قاہرہ: مصری حکام نے فیکٹ چیکنگ اور تحقیقاتی پلیٹ فارم ’مصدقش‘ کی پوری ادارتی ٹیم کے 6 صحافیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
مصر کی وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار صحافی کالعدم اخوان المسلمون کے مبینہ میڈیا نیٹ ورک سے وابستہ تھے اور بیرون ملک سے مالی معاونت حاصل کرکے مبینہ طور پر جعلی خبریں تیار کرتے تھے۔
مصری حکام کا کہنا ہے کہ ’مصدقش‘ نامی پلیٹ فارم بیرون ملک سے چلایا جا رہا تھا اور اس کا تعلق اخوان المسلمون کی میڈیا کمیٹی سے تھا۔ وزارت داخلہ کے مطابق مصر میں موجود افراد خبری مواد تیار کرکے بیرون ملک موجود منتظمین کو بھیجتے تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے 6 افراد میں سے ایک جرنلسٹس سنڈیکیٹ کا رکن ہے۔ گرفتاریوں کے بعد صحافیوں کے موبائل فونز اور کمپیوٹرز بھی تحویل میں لیے گئے ہیں، جبکہ ان کے موجودہ مقام کے بارے میں بھی واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں
دوسری جانب ’مصدقش‘ کے شریک بانی عبدالرحمان منصور نے اخوان المسلمون سے کسی بھی تعلق کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پلیٹ فارم نے 2018 میں فیکٹ چیکنگ کے ادارے کے طور پر کام شروع کیا تھا اور بعد میں تحقیقاتی صحافت کے شعبے میں بھی سرگرم ہوا۔
پلیٹ فارم کے مطابق اس نے ماضی میں اخوان المسلمون سے وابستہ ذرائع کی جانب سے پھیلائی جانے والی معلومات سمیت مختلف دعووں کی بھی جانچ پڑتال کی اور متعدد معلومات کو غلط قرار دیا۔
صحافیوں کی گرفتاری پر متعدد انسانی حقوق اور صحافتی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
PNP
Comments are closed.