by Rao Imran Suleman
Rao Nama

قومی ٹیم کے اسکواڈز کا اعلان، صاحبزادہ فرحان ٹی20 کپتان مقرر، شاہین آفریدی ون ڈے میں قیادت کرینگے

ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کےلیے پاکستانی اسکواڈز کا اعلان ہوگیا۔ مختصر ترین فارمیٹ میں صاحبزادہ فرحان جبکہ ایک روزہ میچز میں شاہین شاہ آفریدی کپتان ہوں گے۔ 

سری لنکا کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، انہیں سلمان علی آغا کی جگہ کپتان بنایا گیا ہے۔ 

دوسری جانب سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کےلیے شاہین آفریدی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ 

پاکستان اور سری لنکا کے ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی 9 اکتوبر، دوسرا 11 جبکہ تیسرا 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ 

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، حسن نواز اور محمد عمران رندھاوا شامل ہیں۔ 

اسی طرح خواجہ نافع بطور وکٹ کیپر اسکواڈ کا حصہ ہوں گے جبکہ معاذ صداقت، نسیم شاہ، صائم ایوب بھی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے نوجوان رضا اللّٰہ کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔ 

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں محمد سلمان مرزا، شاداب خان اور سفیان مقیم بھی شامل ہوں گے۔ 

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل سہ فریقی ون ڈے سیریز ہوگی جس کے ابتدائی 3 میچز راولپنڈی جبکہ دیگر لیگ میچز اور فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 

16 رکنی ون ڈے اسکواڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری اور حارث رؤف شامل ہیں۔ 

اسی طرح حسن نواز، نسیم شاہ، رضا اللّٰہ، سعد بیگ، صائم ایوب، شاداب خان اور سفیان مقیم بھی 16 رکنی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ 

ٹیم مینجمنٹ میں مائیک ہیسن ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ بولنگ کوچ ہوں گے، مائیکل اسمتھ بیٹنگ کوچ جبکہ منصور امجد فیلڈنگ کوچ مقرر کیے گئے ہیں جبکہ نوید اکرم چیمہ پاکستان ٹیم کے منیجر ہوں گے۔

راولپنڈی کے لیے شفقت شبیر جبکہ لاہور کے لیے سید نذیر احمد میڈیا منیجر ہوں گے۔ کرنل عثمان انواری سیکیورٹی منیجر جبکہ ڈاکٹر واجد علی رفاعی ٹیم ڈاکٹر مقرر کیے گئے ہیں۔



PNP

Comments are closed.