کراچی(پی این پی) پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، اہم معدنی ذخائر کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق ترکیہ کے تحقیقی جہاز کی آمد پر کراچی بندرگاہ میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوئے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، ترک وزیرتوانائی، وفاقی وزیرپیٹرولیم اور گورنر سندھ تقریب میں شریک ہوئے۔
پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے درمیان شیئر ہولڈرز کا معاہدہ طے پاگیا، پشین بلوچستان میں اہم معدنیات اینٹیمونی کی ترقی کےلیے معاہدے پر دستخط ہوگئے، ماری منرلز اور ترکیہ کی ایم ٹی اے آئی سی کے درمیان مشترکہ منصوبے کا معاہدہ طے پاگیا، چاغی بلوچستان میں تانبے، سونے اور دیگرمعدنی ذخائر کی تلاش وترقی ہوگی۔
جیولوجیکل سروے پاکستان، ترکیہ کے ایم ٹی اے اور ایم ٹی اے آئی سی میں سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، تکنیکی تبادلے اور معدنی وسائل کی ترقی میں استعدادکار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معدنیات کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوگی۔
تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں، تاہم اب وقت ہے کہ اس دوستی کو عملی اقتصادی منصوبوں اور عوام کے لیے ترقی کے مواقع میں تبدیل کیا جائے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ 87 میٹر طویل اورچ رئیس جدید سیسمک، صوتی اور سمندر کی تہہ کا سروے کرنے والے آلات سے لیس ہے، یہ جہاز صوتی لہروں کے ذریعے سمندر کی تہہ میں موجود چٹانوں کی ساخت کا جائزہ لے گا اور حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے زیرِ سمندر ارضیاتی ساخت کی سہ جہتی تصاویر تیار کی جائیں گی، اس تحقیق سے مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور کھدائی کے امکانات کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ترک حکام کے مطابق سروے میں تقریباً 5 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں، اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ یہ مشن پاکستان کے لیے تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کی خوش خبری لائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ سمندر میں توانائی کے ذخائر کی تلاش ایک پیچیدہ اور مہنگا عمل ہے اور سیسمک سروے سے ذخائر ملنے کی ضمانت نہیں ہوتی، تاہم یہ مستقبل کی تلاش کے لیے بنیادی معلومات فراہم کرتا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینیئرز اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، دونوں ملکوں کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان سمندری ارضیات اور سمندر میں توانائی کی تلاش سے متعلق انجینیئرنگ کے شعبوں میں اشتراک کے امکانات بھی موجود ہیں۔
انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اہم منصوبوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور اداروں کے درمیان رابطے کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سمندری سرگرمیوں میں بحری تحفظ اور ماحولیاتی معیار کا مکمل خیال رکھا جائے، کیونکہ سمندر معاشی اثاثہ ہونے کے ساتھ قدرتی امانت بھی ہے، پاکستان اور ترکیہ کا یہ مشترکہ مشن سائنسی معلومات میں اضافے، قومی صلاحیتوں کی ترقی اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھولے گا۔
تقریب سے خطاب میں الپرسلان بیرکتار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان شعبہ توانائی میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اورترکیہ کےتوانائی تعلقات میں نئےدور کا آغاز ہورہاہے۔ پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
الپرسلان بیرکتار نے کہا کہ پاکستان ترکیہ مشترکہ تاریخ،اقدار،چھائی چارے کے مضبوط رشتےمیں بندھے ہیں، توانائی کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کےمستقبل کو نئی سمت دے گا۔
PNP
Comments are closed.