by Rao Imran Suleman
Rao Nama

عمانی پائلٹ جہاز اغوا کرکے اسرائیل پر نائن الیون جیسا حملہ کرنا چاہتا تھا،اماراتی حکام کا دعویٰ

متحدہ عرب امارات کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فلائی دبئی کے ایک عمانی معاون پائلٹ نے دبئی سے تل ابیب جانے والے مسافر طیارے کو اغوا کرکے اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے کے ٹرمینل سے ٹکرانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل حمد سیف الشمسی نے ایک بیان میں واقعے کی تفصیلات جاری کیں۔ بیان میں فلائی دبئی پر کسی قسم کی بدانتظامی یا غفلت کا الزام عائد نہیں کیا گیا، جبکہ ایئرلائن سے فوری طور پر مؤقف حاصل نہیں ہو سکا۔

اماراتی حکام کے مطابق مبینہ منصوبہ 11 ستمبر 2001 کو امریکا میں ہونے والے حملوں سے متاثر تھا۔ تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم نے تل ابیب جانے والی دو سابقہ پروازوں میں سفر کیا تھا تاکہ پرواز کے راستے اور ہوائی اڈے سے واقفیت حاصل کر سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 30 ستمبر کو طیارہ سعودی عرب کی فضائی حدود میں تھا جب معاون پائلٹ نے کاک پٹ میں ہنگامی حالات کے لیے رکھے گئے کلہاڑے سے کپتان پر حملہ کیا۔ واقعے کے دوران طیارہ تقریباً 30 سیکنڈ میں 16 ہزار فٹ نیچے آ گیا، تاہم دیگر پائلٹوں نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے طیارے کو سعودی عرب میں بحفاظت اتار لیا۔

واقعے کے بعد مبینہ ملزم کو متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق یکم اکتوبر کو اس معاملے کی مجرمانہ تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

PNP

Comments are closed.