by Rao Imran Suleman
Rao Nama

رحمان باباٹرین ملتان میں حادثے کا شکار ،14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ،5 مسافر جاں بحق ،30زخمی

ملتان /شجاع آباد/لاہور( پی این پی)کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ٹرین ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی ،

ٹرین کی14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ30 سے زائد زخمی ہوگئے، ٹرین حادثے کا شکار ہوتے ہی مسافروں نے چیخ و پکار شروع کر دی ، اطلاع ملتے ہی ریلوے کے اعلیٰ حکام اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں،وزیراعظم شہبازشریف نے رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا جبکہ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بھی حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کو ٹرین حادثے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کر دی ۔بتایا گیا ہے کہ کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین رحمن بابا کے پٹڑی سے اترنے کا واقعہ شیر شاہ اسٹیشن کے پاس آئوٹر سگنل کے قریب پیش آیا ہے، حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی 14بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ،حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر خوف و ہراس پھیل گیا اور متاثرہ بوگیوں سے چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔حادثے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ30 سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔رحمان بابا ایکسپریس پٹری سے اترنے کے باعث ریلوے آپریشن معطل ہو گیا۔

اطلاع ملتے ہی ریلوے کے اعلیٰ حکام اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔وزیر اعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہار افسوس بھی کیا اور متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ریسکیو حکام کے مطابق ٹرین حادثہ صبح سوا پانچ بجے پیش آیا، حادثے کے بعد متاثرہ مسافر اپنے سامان کے ساتھ پٹڑی کے کنارے بیٹھے رہے،

جبکہ اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل رہی ۔وفاقی وزیرریلوے محمد حنیف عباسی نے شیر شاہ کے قریب ٹرین حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے جانوں کے ضیاع اور مسافروں کے زخمی ہونے پر انتہائی غم اور افسوس کا اظہار۔حنیف عباسی نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوںنے ہدایت کی کہ زخمی ہونے والے مسافروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔حنیف عباسی نے کہا کہ جاں بحق اور زخمی مسافروں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابقوفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی حادثے کی جگہ کا جائزہ لینے کے لیے فوری روانہ ہوئے۔وزیر ریلوے حنیف عباسی نے فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کو ٹرین حادثے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ محکمہ ریلوے کے ترجمان کے مطابق عوام اور مسافروں کی رہنمائی کے لیے تمام بڑے اسٹیشنوں پر 24 گھنٹے کام کرنے والے انفارمیشن/ہیلپ ڈیسک قائم کر دئیے گئے ۔ ڈی سی اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل سفری انتظامات کریں اور جہاں ضروری ہو وہاں ٹکٹ کی رقم کی واپسی کو یقینی بنائیں۔ترجمان کے مطابق رحمان بابا 47اپ کی کی متبادل ٹرین 500 سے زائد مسافروں کو لے کر شیر شاہ اسٹیشن سے روانہ کر دی گئی ۔ ضلعی انتظامیہ ملتان کے تعاون سے ان مسافروں کے لیے بسوں کا بھی انتظام کیا گیا جو بذریعہ سڑک اپنا سفر جاری رکھنا چاہتے تھے۔

PNP

Comments are closed.