ایران پر نئے حملے سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی،ترکیہ کا انتباہ
استنبول: ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے ایران پر کسی بھی نئے فوجی حملے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی اور جاری تنازع پھیلنے کا خدشہ ہے۔
حاقان فیدان نے واضح کیا کہ جنگ کے خاتمے اور مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات ہی مؤثر راستہ ہیں۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوگی۔
ترک وزیر خارجہ نے استنبول میں مصر، پاکستان، سعودی عرب، جرمنی، فرانس، برطانیہ اور اٹلی کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی، جس میں ایران جنگ کی تازہ صورتحال، حوثی جنگجوؤں کے سعودی عرب پر حملوں اور یوکرین میں روسی جنگ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ علاقائی چار ملکی گروپ آر فور اور یورپی یونین کے تین بڑے ممالک پر مشتمل ای تھری کے ساتھ اٹلی کی پہلی مشترکہ ملاقات تھی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ شرکا اس بات پر متفق ہیں کہ ایران پر ایک اور حملہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب بنے گا۔ ان کے مطابق اجلاس میں شریک کسی بھی ملک نے ایران کے خلاف مزید فوجی حملے یا مداخلت کی حمایت نہیں کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جمعے کو ہونے والے اجلاس میں ایران جنگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ممکنہ لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ترک وزیر خارجہ کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ شریک ممالک ایران کے معاملے پر فوجی تصادم کے بجائے سفارتی کوششوں کو ترجیح دینے پر زور دے رہے ہیں۔
PNP
Comments are closed.