by Rao Imran Suleman
Rao Nama

اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی کی اسپیکر پنجاب اسمبلی سے اپیل

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی نے اسپیکر صوبائی اسمبلی ملک احمد خان سے اپیل کردی۔

معین ریاض قریشی نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی مذمت کی اور بحرانی کیفیت سے نکلنے کےلیے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

اسپیکر ملک محمد احمد کی زیر صدارت شروع ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے خلاف احتجاج کیا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کی 4 سالہ معاشی پالیسی سے پاکستان غربت زدہ ملک بن چکا ہے، صوبے کو طاقت کے زور پر چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پی ٹی آئی اپنے سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی بحرانی کیفیت سے نکلنے کےلیے اپنا کردار ادا کریں۔

دوران اجلاس پیپلز پارٹی کے رکن ممتاز چانگ نے کچے کے علاقہ میں زمینیں واگزار کروانے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ کچے کے علاقے میں جن لوگوں نے ظلم کیا ہے انہیں بے نقاب کیا جائے اور سیکڑوں ایکٹر زمین واگزار کروائی جائے۔

ایوان میں اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے چیف وہپ رانا ارشد میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، جس پر اپوزیشن کے شعیب امیر نے کورم کی نشاندہی کردی، جس کے پورا نہ ہونے پر اجلاس منگل دوپہر 2 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔



PNP

Comments are closed.