by Rao Imran Suleman
Rao Nama

گورنر راج میں پی پی کا کردار انتہائی غیر جمہوری رہا، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، راجا ناصر عباس

قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ گورنر راج میں پیپلز پارٹی کا کردار انتہائی غیر جمہوری رہا، اس پارٹی نے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران راجا ناصر عباس نے کہا کہ سارا ملبہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی پر نہیں ڈالنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی نے بانی پی ٹی آئی کی خاطر اپنی دوستیاں قربان کیں، وہ اپوزیشن لیڈر بننے کےلیے بانی چیئرمین کے پاس نہیں گئے تھے۔

اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے مزید کہا کہ گورنر راج میں پیپلز پارٹی کا کردار انتہائی غیر جمہوری رہا، پی پی نے بلاوجہ حکومت کی سپورٹ کی اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا۔

اُن کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان، جی بی کے بعد خیبر پختونخوا کے مینڈیٹ پر قبضہ کیا، صوبے کے عوام کے حقوق سے متعلق کوئی مشکل کھڑی کررہا ہے تو وہ پی پی ہے۔

علامہ راجا ناصر عباس نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی دوسروں صوبے کے اندر کیا کررہی ہے؟ پیپلز پارٹی کو تو بات ہی نہیں کرنی چاہیے، صوبوں کی تقسیم سے متعلق فیصلہ بانی کے سوا کوئی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بانی سے ملاقات کے بغیر پارٹی یا کوئی کچھ نہیں کرسکتا، پی ٹی آئی والوں کو بھی چاہیے اکثریت سے جو فیصلہ ہو اسی بات کو بیان کریں، اس وقت ذاتی رائے دینے سے کنفیوژن پیدا ہوتی ہے۔

اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے کہا کہ خیال رکھتا ہوں کہ ایسی بات نہ کروں، جس سے اندر کے اختلافات سامنے آئیں، صوبوں کی تقسیم سے متعلق اجلاس میں کوئی بات نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام نے میڈیٹ دیا تھا وہ چھین لیا گیا، آپ اس کی حفاظت نہیں کرسکے، ن لیگ نے پی ٹی آئی کا 8 فروری کا مینڈیٹ لوٹا اور کہتے ہیں آؤ ہمارے ساتھ بات کریں۔

علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ ایم این ایز کو نااہل کیا، صوبے میں گورنر راج لگایا اور کہتے ہیں آؤ ہمارے ساتھ بات کریں، ہم بڑا ڈائیلاگ چاہتے ہیں انہوں نے ساری چیزیں تباہ کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدی باہر آنے چاہیے، اس کےلیے میثاق جمہوریت جیسی چیزیں ہیں، محمود خان نے بھی کہا کہ تمام جماعتوں کی لیڈرشپ بیٹھے اور ملک کو آئین کی پٹری پر ڈالیں۔



PNP

Comments are closed.