پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مصر میں شیڈول ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی وجوہات بھی سامنے آ گئیں۔
ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے روایتی ہاکی، انڈر 15 ٹیم کی تیاری، کھلاڑیوں کی فٹنس اور پلیئرز ڈیولپمنٹ کو اپنی ترجیحات میں شامل کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر رکھا ہے، تاہم فیڈریشن نے ایونٹ میں شرکت کے بجائے دیگر ٹیموں، مقابلوں اور کھلاڑیوں کی فٹنس پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ایچ ایف کے ذرائع کے مطابق ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کی وجہ فنڈز کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور ہاکی فائیو فارمیٹ کے لیے درکار مخصوص تیاری کا فقدان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاکی فائیو کے لیے الگ تربیت، مخصوص اسکلز اور معیاری فٹنس کی ضرورت ہے، فی الحال فیڈریشن کی توجہ ان شعبوں کو بہتر بنانے پر ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے مستقبل میں ہاکی فائیو فارمیٹ کی تیاری جدید تقاضوں کے مطابق کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے، تاہم اس وقت روایتی 11 اے سائیڈ ہاکی کی ڈیولپمنٹ کو ترجیح دی جا رہی ہے، فیڈریشن نے انڈر 15 ٹیم کی تیاری کو بھی اہم ہدف بنا لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ برس سے انڈر 18 فارمیٹ ختم ہو رہا ہے، جس کی جگہ انڈر 15 فارمیٹ لے گا، اس مقصد کے لیے کم عمر کھلاڑیوں کی تربیت اور ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
پی ایچ ایف کے ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی فٹنس کوچز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، فٹنس کوچز کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس بہتر بنانے پر کام کریں گے، جس کے بعد انہیں بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے تیار کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاکی فائیو فارمیٹ کو ان علاقوں میں ہاکی کے فروغ کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جہاں فل سائز ہاکی ٹرف کی سہولت دستیاب نہیں تھی، پی ایچ ایف ہاکی فائیو کی ترقی میں اہمیت کو تسلیم کرتی ہے، تاہم اسے روایتی 11 اے سائیڈ ہاکی کا متبادل نہیں بلکہ اس کھیل کی ترقی کے لیے ایک اضافی پاتھ وے سمجھتی ہے۔
فیڈریشن کی موجودہ حکمتِ عملی کے تحت روایتی ہاکی کے معیار کو بہتر بنانے، نوجوان کھلاڑیوں کی تیاری اور فٹنس کے شعبے میں بہتری پر توجہ دی جائے گی مستقبل میں ہاکی فائیو کے لیے بھی جدید تقاضوں کے مطابق تیاری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ 7 سے 12 دسمبر تک مصر میں شیڈول ہے۔
PNP
Comments are closed.