by Rao Imran Suleman
Rao Nama

افغان لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی 20 کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی

افغان اسپنر راشد خان — فائل فوٹو 

افغانستان کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی 20 کرکٹ میں تاریخ رقم کر دی۔

راشد خان مینز ٹی 20 انٹرنیشنل میں 200 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے۔

انہوں نے یہ تاریخی اعزاز جمعرات 29 اکتوبر کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے دوران حاصل کیا۔

راشد خان نے زمبابوے کے وکٹ کیپر بیٹر تادیواناشے مارومانی کو 2 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ٹی 20 فارمیٹ میں اپنی 200 وکٹیں مکمل کر لیں۔

افغانی بولر اب 200 وکٹوں کے ساتھ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں انگلینڈ کے عادل رشید 171 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جب کہ ہانگ کانگ کے احسان خان اور نیوزی لینڈ کے ایش سوڈھی 165، 165 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

راشد خان کا یہ ریکارڈ افغانستان کی زمبابوے کے خلاف 19 رنز سے کامیابی کے دوران قائم ہوا ہے۔

اس میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے جب کہ جواب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر صرف 202 رنز  ہی بنا سکی۔ 

اس فتح کے ساتھ افغانستان نے3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کر لی۔



PNP

Comments are closed.