36 سال پرانا قصہ پھر زیرِ بحث، وقار یونس کا سدھو کے مشہور ’گولڈن ڈک‘ پر دلچسپ تبصرہ
پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس نے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سڈھو کے مشہور ’گولڈن ڈک‘ پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔
وقار یونس نے حال ہی میں شبھنکر مشرا کی پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی۔
انہوں نے اس پوڈ کاسٹ میں 1990ء میں شارجہ میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ کی یادیں تازہ کیں جس میں انہوں نے بھارتی کرکٹر سدھو کو پہلی ہی گیند پر کلین بولڈ کر دیا تھا۔
وقار یونس نے 36 سال پرانے قصے پر دلچسپ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں کپل شرما نے یہ بات سدھو کے ذہن میں بٹھا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سدھو کو واقعی شارجہ میں پہلی ہی بال پر آؤٹ کر دیا تھا لیکن کپل نے اس قصےکو اتنا اچھالا کہ یہ مسلسل مذاق کا موضوع بن گیا۔
انہوں نے سدھو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اب اس بات کو زیادہ سنجیدہ نہیں لینا چاہیے کیونکہ زندگی میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ قصہ27 اپریل 1990ء کو شارجہ میں ہونے والے آسٹرل ایشیاء کپ کے پاک بھارت مقابلے کا ہے۔
اس مقابلے کے دوران پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 235 رنز بنائے تھے، جواب میں بھارتی ٹیم نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو بھارت کے 61 رنز پر منوج پربھاکر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور نوجوت سنگھ سدھو بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے لیکن وقار یونس نے اپنی پہلی ہی گیند پر انہیں کلین بولڈ کر دیا۔
سدھو کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے، جسے کرکٹ کی اصطلاح میں ’گولڈن ڈک‘ کہا جاتا ہے۔
اس مقابلے میں وقار یونس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان نے بھارت کو 26 رنز سے شکست دی تھی۔
PNP
Comments are closed.