صدر آصف علی زرداری کا سب سے زیادہ میڈیا ٹرائل کیا گیا، اس کے باوجود انہوں نے کسی میڈیا ادارے کے خلاف بات نہیں کی، شرجیل میمن
کراچی (پی این پی)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے تمام میڈیا مالکان سے گزارش کروں گا کہ کسی ورکر کو جبری برطرف نہ کریں۔ پیپلز پارٹی عوام کی پارٹی ہے، ہمارا نعرہ روٹی، کپڑا اور مکان ہے، ہم کیسے کسی کو بے روزگار ہوتا دیکھ سکتے ہیں۔ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن بنایا۔
اپنے بیان میں انہوں نےکہا آزادیٔ صحافت کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ صحافیوں کے ساتھ اگر زیادتی ہوگی تو پیپلز پارٹی صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ پیپلز پارٹی صحافیوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ یہ ملک ہم سب کا اور ہم سب کو اس کو آگے لے کر چلنا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جتنا میڈیا ٹرائل پاکستان پیپلز پارٹی کا ہوا، بڑے بڑے میڈیا اداروں نے پیپلز پارٹی کا غلط طریقے سے میڈیا ٹرائل کیا، ہم کسی کے خلاف نہیں گئے۔ صحافت کی آزادی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کا کردار سب سے اہم رہا ہے۔ صدر آصف علی زرداری کا سب سے زیادہ میڈیا ٹرائل ہوا، لیکن انہوں نے کبھی کسی ادارے کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی بھی آزادیٔ صحافت پر کوئی قدغن نہیں لگائی۔
PNP
Comments are closed.