by Rao Imran Suleman
Rao Nama

وزیراعظم کا کوہاٹ میں دہشتگرد حملے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار

—فائل فوٹو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حیدر زمان سمیت خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی، وطنِ عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کو ہلاک کرنا خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، پوری قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار جس جرأت اور ثابت قدمی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ لائقِ تحسین ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔



PNP

Comments are closed.