بلاول بھٹو بتائیں کہ سندھ وطنیت کے معاملے پر بھی خون خرابہ ہو گا؟ اسپیکر پنجاب اسمبلی
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو بتائیں کہ سندھ وطنیت کے معاملے پر بھی خون خرابہ ہوگا؟ اس معاملے پر بحث ہونی چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات چیت جاری رہنی چاہیے، ریفرنڈم کا طریقہ آئین میں موجود ہے اور مذاکرات و مکالمے کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی خوبی ہے کہ وہ دوسروں کی بات سنتے ہیں، پیپلز پارٹی نے پنجاب کی تقسیم سے متعلق قرارداد پر ووٹ دیا تھا، تاہم بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز سندھ کی وحدت کی بات کی، اس مؤقف پر بھی بحث ہونی چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا سندھ کی وحدت کے نام پر خونریزی ہو گی؟ سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خونریزی کس بنیاد پر ہو گی؟
ان کا کہنا ہے کہ وحدت کے تصور اور اس کے پس منظر پر بھی گفتگو ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی سندھ میں صوبے کی تقسیم کی مخالفت کرتی ہے تو پنجاب کی تقسیم کی حمایت کیوں کرتی ہے؟
ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز سیاسی قیدیوں کے معاملے پر خون بہانے کی بات کی، تاہم کسی کے گھر کو جلانا یا تشدد کرنا سیاسی حق کیسے ہو سکتا ہے؟
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آئین بھی بات چیت کے ذریعے ہی وجود میں آیا، قیام پاکستان سے قبل سیاسی حقوق کی جدوجہد صوبوں کے گرد گھومتی تھی اور سندھ اسمبلی نے قیام پاکستان کے حوالے سے تاریخی کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آمریت اور ہائبرڈ نظام نے حقیقی سیاسی اختیارات کو کمزور کیا، جبکہ سیاسی حقوق کی جدوجہد ہمیشہ صوبائی بنیادوں پر آگے بڑھی، لاہور میں ون یونٹ قائم کیا گیا، جسے بعد ازاں ختم کرنا پڑا، 1973ء کے آئین نے ون یونٹ کے خاتمے کے بعد 4 صوبوں کو موجودہ آئینی شکل دی۔
ملک محمد احمد خان نے عدالتی فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان فیصلوں نے جمہوری نظام کو نقصان پہنچایا، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ ملکی تاریخ کے بدترین فیصلوں میں شامل ہے، جبکہ منتخب حکومتوں کے خاتمے سے متعلق عدالتی فیصلے بھی نقصان دہ ثابت ہوئے۔
ان کا کہنا ہے کہ ججوں کی تقرری کا اختیار ججوں کے پاس ہونا اصولِ انصاف سے مطابقت نہیں رکھتا، آئینی عدالت کا قیام میثاقِ جمہوریت کا حصہ تھا۔
PNP
Comments are closed.