by Rao Imran Suleman
Rao Nama

لاہور ریلوے اسٹیشن کی 1860 سے 1902 تک کی تاریخی جھلکیاں دوبارہ زندہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز ڈٰیسک)لاہور ریلوے اسٹیشن کی تاریخی شناخت اور قدیم طرزِ تعمیر کو بحال کرنے کے لیے تزئین و مرمت کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت اسٹیشن کو 1860 سے 1902 کے درمیان کی اصل شکل میں واپس لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کا آغاز پلیٹ فارم نمبر پانچ سے ہو چکا ہے۔ پاکستان ریلوے اور پنجاب کے محکمہ آثارِ قدیمہ کے اشتراک سے جاری اس منصوبے پر کروڑوں روپے خرچ کیے جائیں گے۔لاہور ریلوے اسٹیشن کو جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے ساتھ اس کے تاریخی طرزِ تعمیر کو بھی محفوظ بنایا جا رہا ہے۔ یہ عمارت تقریباً 166 سال پرانی ہے اور برطانوی دور میں اسے محض ریلوے اسٹیشن ہی نہیں بلکہ ایک محفوظ قلعے کی طرز پر تعمیر کیا گیا تھا۔ اس کی مضبوط سرخ اینٹوں کی دیواریں، گول برج، بلند مینار اور بندوقوں و توپوں کے استعمال کے لیے بنائے گئے سوراخ اس کی دفاعی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ عمارت کے ڈیزائنر ولیم برنٹن نے بھی تحریری طور پر اس بات کا ذکر کیا تھا کہ دشمن کے حملے کی صورت میں یہ اسٹیشن قلعے کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق لاہور اسٹیشن تاریخی عمارتوں کی پہلی کیٹیگری میں شامل ہے، اس لیے محکمہ آثارِ قدیمہ کی منظوری کے بغیر اس میں معمولی تبدیلی بھی نہیں کی جا سکتی۔ اس کی تعمیر 1859 اور 1860 کے دوران مکمل ہوئی، جس پر اس وقت تقریباً پانچ لاکھ روپے لاگت آئی تھی۔ اسٹیشن کا سنگِ بنیاد جان لارنس نے 1859 میں رکھا، جبکہ اس کا ڈیزائن ولیم برنٹن نے تیار کیا۔

تعمیراتی کام کے چیف انجینئر اور ٹھیکیدار میاں محمد سلطان چغتائی تھے، جو مغل دربار سے بھی وابستہ رہ چکے تھے۔تعمیر مکمل ہونے کے بعد 1860 میں لاہور سے امرتسر کے لیے پہلی ٹرین روانہ ہوئی۔ یہ عمارت 1857 کی جنگِ آزادی کے بعد برطانوی دور میں تعمیر ہونے والی اہم سرکاری عمارتوں میں شمار ہوتی ہے اور لاہور میں انگریزوں کے عہد کی قدیم ترین عمارتوں میں سے ایک ہے۔ اسی تاریخی پس منظر کے باعث اسے اسٹیشن کے ساتھ دفاعی قلعے کی شکل بھی دی گئی تھی۔لاہور ریلوے اسٹیشن نے برصغیر کی تاریخ کے کئی اہم واقعات بھی دیکھے۔ 30 اکتوبر 1928 کو سائمن کمیشن کے خلاف لالہ لاجپت رائے کی قیادت میں نکالا جانے والا جلوس بھی اسی مقام سے روانہ ہوا تھا، جس پر برطانوی حکام نے لاٹھی چارج کیا۔ 1947 میں تقسیمِ ہند کے دوران یہ اسٹیشن مہاجرین کی ٹرینوں کی آمدورفت کا ایک بڑا مرکز رہا۔

اس تاریخی عمارت کو عالمی سطح پر بھی شہرت حاصل ہوئی جب 1956 میں ہالی وڈ فلم ’’بھوانی جنکشن‘‘ کی شوٹنگ یہاں کی گئی۔ اس فلم میں پاکستان کی معروف اداکارہ نشو نے بھی کردار ادا کیا تھا، جبکہ فلم کی عکس بندی نے لاہور ریلوے اسٹیشن کی تاریخی اہمیت کو مزید نمایاں کیا۔منصوبے کی نگرانی پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ انعام اللہ اور محکمہ آثارِ قدیمہ کی چیف آرکیٹیکٹ ثانیہ افضل کر رہی ہیں۔ انعام اللہ نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ اس منصوبے کا ماسٹر پلان 20 جولائی 2026 کو منظور کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی ہدایات کے مطابق پلیٹ فارم نمبر 2، 4 اور 5 کو 1860 کے اصل ڈیزائن کے مطابق بحال کیا جائے گا۔انعام اللہ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد لاہور ریلوے اسٹیشن کی تاریخی شان و شوکت کو دوبارہ اجاگر کرنا ہے۔ کام مکمل ہونے کے بعد مسافروں کو اسٹیشن کا ایک نیا اور دلکش منظر دیکھنے کو ملے گا۔ جہاں جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وہیں اس تاریخی عمارت کے اصل طرزِ تعمیر کو محفوظ بنا کر اسے مزید پرکشش بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

PNP

Comments are closed.