کراچی (پی این پی) سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیوا پٹیویلا نے پاکستانی برآمدکنندگان پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سری لنکا کی تقریباً 19 ارب ڈالر کی درآمدی مارکیٹ میں اپنی رسائی بڑھائیں خاص طور پر ٹیکسٹائل، چاول، سیمنٹ و دیگر شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔
سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک جی ایس پی اور جی ایس پی پلس سے طویل عرصے تک مستفید ہوتے رہے ہیں اور ٹیکسٹائل، گارمنٹس، تعمیراتی سامان اور ادویہ سازی میں ان کی برآمدی صلاحیتیں ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں۔ پاکستانی بنا ہوا کپڑا یورپی یونین کو برآمد کرنے والے سری لنکن ملبوسات سازوں کے لیے اہم خام مال بن چکا ہے جبکہ کئی پاکستانی کمپنیاں سری لنکا میں پیداواری یونٹ بھی قائم کر چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سری لنکا نے پاکستان سے 6 ہزار میٹرک ٹن تک چاول کی درآمد کی اجازت دے رکھی ہے اور باسمتی چاول وہاں بہت مقبول ہو رہا ہے۔ سری لنکن حکومت ہر 6 ماہ بعد چاول کی درآمد کے ٹینڈر جاری کرتی ہے جو پاکستانی برآمدکنندگان کے لیے مستقل مواقع فراہم کرتے ہیں۔
سنجیوا پٹیویلا نے پاکستانی تاجروں کو جنوری 2027 میں ہونے والی سری لنکا ایکسپو 2027 میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے تجویز دی کہ پاکستانی تجارتی وفد سری لنکا کا دورہ کرے تاکہ تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع تلاش کیے جا سکیں۔
انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالہادی کے سوال کے جواب میں درآمدات و برآمدات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی اور کولمبو کی بندرگاہوں پر تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے سابق صدر مجید عزیز کی تجویز پر پاکستان سے سیمنٹ کی درآمد میں سہولت کے حوالے سے بھی یقین دہانی کرائی۔
قبل ازیں صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبدالہادی نے قونصل جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تجارت میں ٹیکسٹائل کا حصہ سب سے زیادہ ہے جبکہ پاکستان سارک خطے میں سری لنکا کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے دو طرفہ تجارت کو 50 کروڑ ڈالر سے آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائٹ ایسوسی ایشن دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے دونوں ملکوں میں باقاعدگی سے تجارتی نمائشوں کے انعقاد کی تجویز بھی دی۔
ڈپلومیٹک افیئرز کمیٹی کے چیئرمین ندیم پولانی نے سری لنکا میں ٹینڈرز میں حصہ لینے والے نئے تاجروں کی مشکلات اجاگر کیں اور انہیں حکومتی سطح پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی اے کے باوجود بلند فریٹ چارجز برآمدکنندگان پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے قونصل جنرل سے پاکستانی ٹیکسٹائل کو مزید رسائی دلانے کی درخواست کی۔کمیٹی کے کنوینر جنید الرحمان نے نان ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات اور ادویہ سازی میں بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جن کی برآمدات بڑھانے سے مجموعی تجارت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے سری لنکن سیاحوں کو پاکستان لانے کے لیے اقدامات کی بھی تجویز دی۔
سابق چیئرمین مجید عزیز نے کہا کہ جون 2005 سے نافذ ایف ٹی اے کو مؤثر بنانے کے لیے اس پر نظرثانی ضروری ہے۔ انہوں نے کولمبو پورٹ اور کراچی پورٹ، پورٹ قاسم کو سسٹر پورٹس قرار دینے کی تجویز بھی دی۔
اجلاس میں نائب صدر شہریار سلیم شاہ، چیئرمین اپٹپما محمد رضوان لاکھانی، احمد عظیم علوی،حسین موسانی،امان اللہ والا اور دیگر اراکین کے سوالات کے قونصل جنرل نے جوابات دیے۔ ایسوسی ایشن سینئر نائب صدر محمد فرحان اشرفی نے شکریہ ادا کیا جبکہ سابق صدر عبدالرحمان فدا، عبدالرشید، ممبران انور عزیز، عبدالقادر بلوانی، ریاض ڈھیڈھی، حسیب احمد، کامران لاکھانی و دیگر ممبران بھی اجلاس شریک ہوئے۔
PNP
Comments are closed.