by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سفارتخانۂ پاکستان ٹوکیو میں معرکۂ حق کی تقریب، پاکستانیوں کا افواج کو خراجِ تحسین


سفارتخانۂ پاکستان ٹوکیو میں معرکۂ حق کی تقریب، پاکستانیوں کا افواج کو خراجِ تحسین

جاپان میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ بھرپور قومی جذبے، اتحاد اور وقار کے ساتھ منائی گئی۔ 

تقریب میں جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، طلبہ، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج کی جرات، قربانیوں اور دفاعِ وطن کے عزم کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے آغاز میں صدرِ پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جن میں پاکستان کے امن، سلامتی اور خودمختاری کے عزم کو دہرایا گیا۔ 

پیغامات میں کہا گیا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں اتحاد، حوصلے اور قربانی کی عظیم مثال قائم کی جبکہ افواجِ پاکستان نے مادرِ وطن کے دفاع میں غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

سفارتخانۂ پاکستان ٹوکیو میں معرکۂ حق کی تقریب، پاکستانیوں کا افواج کو خراجِ تحسین

اس موقع پر جاپان میں پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی قومی یکجہتی، عسکری تیاری اور ناقابلِ تسخیر قومی جذبے کی روشن علامت بن چکا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہر محاذ پر جرات، حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ملکی سرحدوں کا دفاع کیا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کی بری، بحری، فضائی اور سائبر صلاحیتوں کو ایک مربوط اور مضبوط دفاعی نظام کے طور پر دیکھا، جو پاکستان کی دفاعی تیاری اور قومی قوت کا واضح ثبوت ہے۔

سفیر پاکستان عبد الحمید نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات میں تدبر، تحمل اور سفارتی بصیرت کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن چاہتا ہے، لیکن قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

دفاعی اتاشی ائیر کموڈور عامر محی الدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فضائیہ کی کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے جدید جنگی حکمت عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کے ذریعے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج نے ثابت کیا کہ قوم کے دفاع کیلئے ان کا جذبہ، تیاری اور عزم ہر وقت مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ وطن عزیز کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔


PNP

Comments are closed.