برطانوی پاپ اسٹار دعا لیپا کا سام سنگ کے خلاف 15 ملین ڈالرز ہرجانے کا دعویٰ
عالمی شہرت یافتہ برطانوی پاپ اسٹار دعا لیپا نے ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کے خلاف مبینہ کاپی رائٹ خلاف ورزی پر بڑا قانونی قدم اٹھاتے ہوئے 15 ملین ڈالرز ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دعا لیپا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سام سنگ نے ان کی اجازت کے بغیر ان کی تصویر اپنی تشہیری مہم میں استعمال کی، جس سے نہ صرف ان کے امیج رائٹس متاثر ہوئے بلکہ ایسا تاثر بھی پیدا کیا گیا کہ وہ کمپنی کے ٹی وی برانڈ کی باضابطہ حمایت کر رہی ہیں۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ یہ تصویر 2024 کے ایک میوزک فیسٹیول میں ان کی پرفارمنس کے دوران لی گئی تھی، جسے بعد ازاں سام سنگ نے گزشتہ سال سے اپنے ٹی وی باکسز کی تشہیر کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا۔ دعا لیپا کی قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ اس تصویر کے تمام حقوق ان کے پاس محفوظ ہیں اور کمپنی نے نہ تو اجازت لی، نہ ہی کوئی معاوضہ ادا کیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ گلوکارہ کی تصویر ایک بڑے تجارتی منصوبے میں ان کے علم اور رضامندی کے بغیر شامل کی گئی، جس پر ان کا کوئی اختیار یا رائے نہیں تھی۔
رپورٹس کے مطابق دعا لیپا نے پہلے سام سنگ سے رابطہ کر کے تصویر ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا، مگر کمپنی نے مبینہ طور پر اس درخواست کو مسترد کر دیا۔
قانونی کارروائی میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی، ٹریڈ مارک قوانین کی پامالی اور کیلیفورنیا کے رائٹ آف پبلسٹی قوانین کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
PNP
Comments are closed.