تہران: (ویب ڈیسک) 27 مئی 2026
ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے امریکا کے ساتھ دوبارہ جنگ کے امکانات کو کم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیےمکمل طور پر تیار ہے۔

نیم سرکاری ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی آر جی سی بحریہ کے نائب سیاسی سربراہ محمد اکبرزادہ نے کہا کہ دشمن کی کمزوری کے باعث جنگ کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں، تاہم ایرانی مسلح افواج ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران پر کسی قسم کی جارحیت مسلط کی گئی تو چاہ بہار سے ماہشہر تک پورا ساحلی علاقہ حملہ آوروں کے لیے قبرستان ثابت ہوگا۔
محمد اکبرزادہ کے مطابق ایرانی مسلح افواج ملکی سرحدوں، ساحلی علاقوں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل تیاری اور مسلسل نگرانی کی حالت میں موجود ہیں۔