by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے والے ثاقب چڈھر کے خلاف ایک اور خاتون نے مقدمہ کردیا

لاہور (پی این پی)اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کا سامنا کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف لاہور میں مزید تین مقدمات درج ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ مقدمات لاہور کے ڈیفنس اے تھانے میں درج کیے گئے ہیں، جن کی مدعی ماہ رخ عارف نامی خاتون ہیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق تینوں کیسز چیک ڈس آنر ہونے سے متعلق ہیں۔

ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان نے جائیداد کی خریداری کے سلسلے میں ادائیگی کے لیے چیک جاری کیے تھے، تاہم بینک میں پیش کیے جانے پر وہ کلیئر نہ ہو سکے۔ مقدمات میں مجموعی طور پر 27 کروڑ روپے مالیت کے تین چیکوں کا ذکر کیا گیا ہے۔

مدعی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ کینسر کی مریضہ ہیں اور اپنی جائیداد فروخت کرنے کے لیے ثاقب چدھڑ اور اکبر خان سے رابطے میں آئیں۔ ان کے مطابق ڈیوس روڈ پر واقع جائیداد کا معاہدہ تقریباً 60 کروڑ روپے میں طے پایا، جبکہ ادائیگی کے لیے 9، 9 کروڑ روپے مالیت کے تین چیک فراہم کیے گئے۔

شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ جب چیک بینک میں جمع کرائے گئے تو اکاؤنٹس میں مطلوبہ رقم موجود نہ ہونے کے باعث وہ مسترد ہو گئے۔ خاتون کے مطابق بعد ازاں رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا، لیکن ملزمان نے ادائیگی سے انکار کر دیا۔

پولیس نے تینوں مقدمات درج کر کے معاملے کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

PNP

Comments are closed.