by Rao Imran Suleman
Rao Nama

عوام ہو شیا ر ہے! آندھی ، بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری

اسلام آباد (پی این پی) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے آئندہ چند روز کے دوران موسمی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ادارے کے مطابق 16 جون سے 20 جون کے درمیان پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش ہونے کے امکانات موجود ہیں۔ اسی طرح وسطی اور جنوبی پنجاب کے متعدد اضلاع بھی اس موسمی نظام کے زیر اثر رہیں گے۔فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، سرگودھا، خوشاب، بھکر، لیہ، میانوالی، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مسلسل یا شدید بارشوں کی صورت میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ موجود ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

PNP

Comments are closed.