by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پرو ہاکی لیگ، پاکستان کو اسپین نے 4-2 سے ہرا دیا

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان کی ناکامیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، پاکستان کو اسپین کے ہاتھوں 4 ۔ 2 کی شکست ہوگئی، ایونٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم کو مسلسل 12ویں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بیلجیم میں ہونے والے اس میچ میں اسپین نے اہم کھلاڑیوں کو آرام دے کر نوجوانوں کو موقع دیا لیکن اس کے باوجود بھی پاکستان اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔

ابتدائی کوارٹر میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا، اسپین کو برتری حاصل کرنے کا موقع ملا لیکن علی رضا نے پنالٹی اسٹروک روک کر اسپین کو پہلے برتری حاصل نہ کرنے دی۔

28 ویں منٹ میں ابو بکر محمود نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی لیکن اگلے منٹ میں ہی اسپین کے پیپ کینیل نے مقابلہ برابر کردیا، ہاف ٹائم پر مقابلہ ایک۔ ایک سے برابر تھا۔

تیسرے کوارٹر میں اسپین نے 2 گول کرکے مقابلہ 3 ۔1 کیا لیکن کوارٹر ختم ہونے سے قبل ابوبکر محمود نے 1 اور گول کرکے پاکستان کا خسارہ کم کیا۔

چوتھے کوارٹر میں اسپین نے 1 اور گول کرکے اسکور 4 ۔ 2 کردیا اور میچ کا اختتام اس اسکور پر ہی ہوا۔

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے آخری مرحلے کیلئے اب پاکستان ہاکی ٹیم انگلینڈ کا رخ کرے گی جہاں 23 جون کو اسکا میچ انڈیا سے شیڈولڈ ہے۔



PNP

Comments are closed.