by Rao Imran Suleman
Rao Nama

علی ڈار کی بیٹے کے ہمراہ دل کو چھو لینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

لاہور (پی این پی)پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کے مشیر علی ڈار کے اپنے بیٹے ابراہیم کے ہمراہ سرتال میوزک اکیڈمی میں گزارے خوش گوار لمحات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

علی ڈار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے بیٹے ابراہیم کے ہمراہ لاہور کی سرتال میوزک اکیڈمی میں بچوں اور نوجوان فنکاروں کے درمیان بیٹھے میوزک سے لطف اندوز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔اس ویڈیو میں اکیڈمی کے بچوں کو ہارمونیم بجاتے اور روایتی گیت گاتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ علی ڈار اپنے بیٹے کو پیار کرتے، گلے لگاتے اور اس کے ہاتھ و گال پر بوسہ دیتے نظر آئے۔علی ڈار کے بیٹے کے ہمراہ ان محبت بھرے لمحات نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے،اس ویڈیو پر پاکستان کی معروف شخصیات نے بھی اپنے محبت بھرے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔علی ڈار اس سے قبل بھی آٹزم کے شکار بچے کے والد بننے کے بعد ہونے والے اپنے تجربات پر بات کر چکے ہیں اور پاکستان میں آٹزم سے متعلق آگاہی کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں۔

ان کے صاحبزادے ابراہیم آٹسٹک ہیں، اس لیے اکیڈمی میں ابراہیم کے ساتھ خوش گوار لمحات گزار کر انہوں نے اسپیشل بچوں کی معاشرے میں شمولیت، محبت اور قبولیت کے حوالے سے ایک مثبت پیغام دیا ہے۔لاہور کی سرتال میوزک اکیڈمی کے بچے اپنی موسیقی کی صلاحیتوں کے باعث پہلے بھی سوشل میڈیا پر عالمی توجہ حاصل کر چکے ہیں۔

PNP

Comments are closed.