وزارتِ اعلیٰ کا امیدوار نہیں، میرے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں: شرجیل میمن
سندھ حکومت مستحکم ہے، تبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں
کراچی، 23 جون:
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وہ وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار نہیں ہیں اور ان کے خلاف منظم سازش کی جا رہی ہے، جبکہ سندھ میں کسی بھی قسم کی سیاسی تبدیلی کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی اور خود کو اس منصب کا امیدوار قرار دیے جانے سے متعلق افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں اور یہ سب ان کے خلاف ایک سازش کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی ضرورت اُس وقت پیش آتی ہے جب معاملات درست انداز میں نہ چل رہے ہوں، تاہم وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بہترین انداز میں صوبے کے امور چلا رہے ہیں، اس لیے سندھ میں قیادت کی تبدیلی کا کوئی جواز موجود نہیں۔
بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر سے متعلق تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے مطالبہ کیا کہ منصوبے میں تاخیر کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے ایک آزاد اور شفاف انکوائری کمیشن قائم کیا جائے، جس میں کوئی سرکاری افسر شامل نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر جانبدار کمیشن کی تحقیقات سے ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے اور یہ واضح ہو سکے گا کہ بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے یا صوبائی حکومت پر۔