by Rao Imran Suleman
Rao Nama

غلط پرچم پیش کرنے پر ایف آئی ایچ نے پاکستان سے تحریری معذرت کرلی

کولاج فوٹو: اسکرین گریب

ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کے غلط جھنڈے کی نمائش پر ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ انتظامیہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے باضابطہ تحریری معذرت کی ہے۔

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کی ڈائریکٹر ہیلری اٹکنسن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی کے نام خط میں پاکستان کے قومی پرچم کی غلط نمائش پر غیر مشروط معذرت کا اظہار کیا۔

یہ واقعہ لندن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایف آئی ایچ پرو لیگ میچ سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ کا حصہ شامل نہیں تھا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ٹیم کا قومی پرچم اس کی شناخت، فخر اور نمائندگی کی اہم علامت ہوتا ہے اور اس غلطی سے پاکستان ٹیم، اس کے حامیوں، پاکستانی عوام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی دل آزاری ہوئی، جس پر ایف آئی ایچ کو گہرا افسوس ہے۔

ہیلری اٹکنسن نے اپنے خط میں اس واقعے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتظامی غلطی تھی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام انتظامی اور آپریشنل طریقہ کار کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ کسی بھی ٹیم کے قومی تشخص اور وقار سے متعلق ایسی کوتاہی دوبارہ نہیں ہونے دی جائے گی۔

ایف آئی ایچ پرو لیگ انتظامیہ نے اپنے خط میں پاکستان ہاکی فیڈریشن اور قومی ٹیم کی پرو لیگ میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیموں کے ساتھ احترام اور پیشہ ورانہ رویہ برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستان کا نامکمل قومی پرچم آویزاں کیے جانے پر سوشل میڈیا اور ہاکی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

ناقدین نے سوال اٹھایا تھا کہ بین الاقوامی ایونٹ میں اتنی بڑی غلطی کیسے نظر انداز ہوئی، جبکہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ پر بھی تنقید کی گئی تھی کہ تقریب کے آغاز سے قبل اس سنگین غلطی کی نشاندہی کیوں نہ کی گئی۔



PNP

Comments are closed.